منشیات کی روک تھام کیلئے فٹ بال ٹورنمنٹ بیداری مہم

   

محکمہ پولیس کی جانب سے کھلاڑیوں میں مفت ٹی شرٹس کی تقسیم ، کمشنر وی ستیہ نارائنا کی پریس کانفرنس

کریم نگر ۔ محکمہ پولیس کریم نگر کی جانب سے نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے ممنوعہ نشہ ور چیزوں کے استعمال کے سدباب کیلئے چلائے جانے والی مہم کے پروگرام کے تحت 10 مارچ تا 13 مارچ امبیڈکر اسٹیڈیم کریم نگر میں منعقد ہونے والے انٹر ڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنمنٹ کے کھلاڑیوں کیلئے کمشنر پولیس کریم نگر وی ستیہ نارائنا نے ٹی شرٹس مفت تقسیم کئے ۔ انہوں نے آج دفتر کمشنریٹ کریم نگر میں واقع کانفرنس ہال میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نوجوان نشہ آور چیزوں کے استعمال کو مکمل طور پر بند کردیں گے ۔ نہ صرف اس سے جانی نقصان ہے بلکہ مالی نقصان بھی شامل ہے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ اس 4 روزہ انٹرڈسٹرکٹ فٹ بال ٹورنمنٹ میں 12 اضلاع کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ ان مقابلوں میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کو رہائش اور کھانے کی مفت سہولت رہے گی ۔ کامیاب ٹیم کیلئے 50 ہزار روپئے نقد انعام دیا جائے گا ۔ جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کیلئے 30 ہزار روپئے انعام کے طور پر دیا جائے گا ۔ اس طرح تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کیلئے 20 ہزار روپئے کے نقد انعامات کے ساتھ ساتھ ٹرافیاں دی جائیں گی ۔ ریاستی سطح پر منعقد ہونے والے اس 4 روزہ فٹ بال ٹورنمنٹ کیلئے انتظامات اے سی پی کریم نگر ٹی سرینواس راؤ کی سرکردگی میں جنگی خطوط پر انجام دئے جارہے ہیں ۔ اس پریس کانفرنس میں اے سی پی کریم نگر تولا سرینواس راؤ ون ٹاون انسپکٹر نتیش ، اسپورٹس انچارج مہیپال کے علاوہ میر شوکت علی ، ولی پاشاہ ، رشید الدین ، ضمیر الدین ، ہریش ، نوین اور دیگر کھلاڑی موجود تھے ۔