منشیات کی غیر قانونی منتقلی کیلئے محکمہ جات میں تال میل کی ہدایت

   

تعلیمی اداروں میں شعور بیداری مہم، نارکوکوآرڈینیشن سنٹر کے اجلاس سے چیف سکریٹری شانتی کماری کا خطاب
حیدرآباد۔/5 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے کہا کہ تلنگانہ کو منشیات سے پاک بنانے اور غیر قانونی منتقلی کو روکنے کیلئے حکومت نے اینٹی نارکوٹکس بیورو قائم کیا ہے۔ چیف سکریٹری نے نارکو کوآرڈینیشن سنٹر کے ریاستی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈرگس کے استعمال پر قابو پانے اور غیر قانونی منتقلی کو روکنے کیلئے تمام محکمہ جات میں بہتر تال میل اور مشترکہ ایکشن پلان کی ضرورت ظاہر کی۔ شانتی کماری نے کہا کہ مرکزی حکومت کو ملک میں غیرقانونی طور پر قیام کرنے والے بیرونی شہریوں کو واپس بھیجنے کیلئے مناسب پالیسی تیار کرنی چاہیئے۔ انفورسمنٹ ایجنسیوں کو محکمہ جات ہیلت، ایجوکیشن سے بہتر تال میل کا مشورہ دیا گیا تاکہ منشیات کے پھیلاؤ کو روکا جائے۔ منشیات کی غیر قانونی منتقلی روکنے کیلئے دن اور رات کے اوقات میں علحدہ کارروائیوں کی تجویز پیش کی گئی۔ فارما پروڈکشن یونٹس اور کیمیکل لیباریٹریز کی نگرانی کا فیصلہ کیا گیا۔ ہر ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں منشیات کا استعمال کرنے والوں کی بازآبادکاری کے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ محکمہ تعلیم کو مشورہ دیا گیا کہ متاثرہ کالجس میں شعور بیداری مہم چلائے۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے زونل ڈائرکٹر اروندن نے ملک میں منشیات کی غیرقانونی منتقلی اور فروخت پر رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے گذشتہ تین برسوں میںکی گئی کارروائیوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار، کمشنر حیدرآباد سی وی آنند، کمشنر رچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان، پرنسپل سکریٹری ہوم جتیندر، پرنسپل سکریٹری ریوینیو نوین متل، سکریٹری ہیلت مرتضی علی رضوی، سکریٹری تعلیم کرونا اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ر