منشیات کے ’اوور ڈوز‘سے ایک سال میں ایک لاکھ سے زائد اموات

   

واشنگٹن : امریکہ میں منشیات کے حد سے زیادہ استعمال کرنے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بندوقوں اور کار حادثات سے ہونے والی اموات سے کہیں زیادہ ہے۔ ماہرین کا خیال ہیکہ فنٹینائل نامی مہلک نشہ آور دوا کے استعمال میں اضافہ اس کا سبب ہے۔امریکہ میں بیماریوں کی روک تھام اور تدارک کے مرکز (سی ڈی سی) نے چہارشنبہ کواپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ گزشہ ایک برس کے دوران منشیات کے حد سے زائد مقدار میں استعمال کرنے کی وجہ سے ایک لاکھ 306 افراد کی جان چلی گئی۔ ایک سال میں ’اوورڈوز‘ کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔سی ڈی ایس نے ہاسپٹلس سے جاری ہونے والے ’ڈیتھ سرٹیفکیٹس‘کی بنیاد پر اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مئی 2020 سے اپریل 2021 کے دوران منشیات کے ‘اوورڈوز’ کی وجہ سے ہونے والی اموات میں 28.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کورونا سے متاثرین افراد کے منشیات کے استعمال اور خطرناک منشیات کی غیر قانونی دستیابی کو اتنی بڑی تعداد میں اموات کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔امریکہ میں منشیات کے حد سے زیادہ استعمال کی وجہ سے اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ 2020 میں ’اوورڈوز‘ کی وجہ سے 93000 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔