سری نگر، 21 جون (سیاست ڈاٹ کام) ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ جمعہ کے روز کشمیر کی تمام مساجد میں سماج میں بڑھتی ہوئی منشیات کی لت کے خلاف آواز بلند ہونی چاہئے ۔چند روز قبل شہر خاص کے خواجہ بازار علاقے میں ایک نوجوان کی غسل خانے میں موت واقع ہونے کے بارے میں محمد اعظم نامی ایک ٹویٹر صارف کی طرف سے کئے گئے ایک ٹویٹ جس میں کہا گیا کہ میں ڈی سی صاحب سے ملتمس ہوں کہ وہ کالجوں بالخصوص حول علاقے میں منشیات کی سپلائی پرروک لگائیں، کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا: ‘جمعہ کے روز کشمیر کی مساجد میں منشیات کی لت کے خلاف آواز بلند ہونی چاہئے ، سماج اور کنبوں کو اس کے خلاف کھڑا ہونے کی ضرورت ہے ، اس کے خلاف قوانین اور جانکاری مہمیں کافی نہیں ہیں’۔بتادیں کہ وادی میں منشیات کا کاروبار اور اس کی لت میں پڑنے والوں کے گراف میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے ۔ اگر چہ پولیس نے اس کے خلاف ایک زور دار مہم شروع کی ہے اور شاید ہی کوئی دن ایسا گزرتا ہے جس دن ریاست کے کسی نہ کسی علاقے میں منشیات اسمگلروں کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاتی ہے لیکن اس کے باوصف یہ بدعت سماج میں پھیلتی جارہی ہے ۔
