کاماریڈی میں شعور بیداری ریالی کا اہتمام ، ضلع ایس پی راجیش چندرا کا خطاب
کاماریڈی:26/ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عالمی یوم انسداد منشیات کے موقع پر ضلع پولیس کاماریڈی کی جانب سے ایک شعور بیداری ریالی کا اہتمام کیا گیا جسے عوام، طلبہ، نوجوانوں اور مختلف سرکاری محکمہ جات کے ملازمین نے بڑے پیمانے پر شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع ایس پی مسٹر راجیش چندرانے کہا کہ منشیات کے خلاف جاری جنگ میں ہر شہری کو اپنا فریضہ ادا کرنا چاہیے تاکہ آنے والی نسلوں کو محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کیا جا سکے۔یہ ریالی نئے بس اسٹانڈ (چرچ کے قریب) سے شروع ہوکر کلابھارتی آڈیٹوریم تک نکالی گئی۔ جہاں شعور بیداری پروگرام کے مختلف مقابلے منعقد کیے گئے۔ ان پروگراموں میں طلبہ و طالبات نے جوش و خروش سے شرکت کرتے ہوئے منشیات کے خلاف متحد ہو کر آگے آنے کا عزم ظاہر کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے کہا کہ نشہ آور اشیاء، خصوصاً گانجہ جیسے مواد، نوجوانوں کو تفریح کے نام پر غلامی کی طرف لے جا رہے ہیں۔ جس سے والدین کو ناقابل بیان ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ضلع جج ڈاکٹر وی آر آر ورپرساد، سینئر سیول جج ٹی ناگرانی، ایڈیشنل کلکٹر وکرم، ایکسائز سپرنٹنڈنٹ بی ہنمنت راؤ، کاماریڈی اے ایس پی چیتنیہ ریڈی، چائلڈ ویلفیئر آفیسر سی پرمیلا، محکمہ تعلیمات کے افسر راجو، آر ڈی او ویرا، مختلف محکمہ جات کے عہدیدار، کالج پرنسپل، طلبہ و طالبات اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس پروگرام میں شریک تمام افراد نے حلف بھی لیا۔