حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) شہر میں ایک اور منشیات کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ممنوعہ منشیات ایل ایس ڈی ضبط کرلیا۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے کہا کہ ڈرگس ریاکٹ کا سرغنہ سکندرآباد کارخانہ کا ساکن فرانسیس زیویر ہے جو اپنے ساتھیوں کی مدد سے یہ ریاکٹ چلا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیس زیویر ٹاملناڈو کا متوطن ہے اور وہ انٹر میڈیٹ کی تعلیم کرنے کے بعد خراب عادتوں کا شکار ہوگیا۔ اسی دوران اس کی ملاقات ڈرگس کا کاروبار کرنے والے آر ایم گوڑ سے ہوئی جو حیدرآباد اور گوا میں ڈرگس کا کاروبار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایم گوڑ فرانسیس زیویر کو اکثر ہیروئن ، ایل ایس ڈی اور گانجہ بھی فراہم کرتا تھا۔ مذکورہ افراد نے عادل آباد کے متوطن ستار سے ملاقات کی اور وہاں سے بھی گانجہ حاصل کرنے لگے جبکہ گوا سے تعلق رکھنے والے اکبر نے بھی اس کاروبار میں فرانسیس زیویر کی مدد کی۔ ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم اور ماریڈ پلی پولیس کی ایک مشترکہ کارروائی میں فرانسیس زیویر اور کے گوتم کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے ممنوعہ منشیات ضبط کرلی گئیں۔