کریم نگر ۔ 9 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر پامیلا ستپاتھی نے عہدیداروں اور عوام سے ضلع سے منشیات کی وبا کو ختم اور کریم نگر کو منشیات سے پاک ضلع بنانے کے اقدامات کی ہدایت دی۔ چہارشنبہ کو ضلع کلکٹر نے کریم نگر کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں محکمہ آبکاری کے افسران اور مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ منشیات پر قابو پانے کے بارے میں بیداری میٹنگ کی۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے نوجوانوں کو نشہ، شراب اور دیگر لت سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نشے کا شکار ہو کر اپنا روشن مستقبل برباد نہ کریں۔ سی ایم ریونت ریڈی نے وضاحت کی کہ ڈرگ مافیا پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات اور گانجہ کی خرید و فروخت پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ غیر ضمانتی مقدمات کے علاوہ قید کا بھی امکان ہے۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر نے تعلیمی اداروں میں قائم کئے جانے والے شعور کلبوں سے متعلق پوسٹر کی نقاب کشائی کی۔ اس میٹنگ میں ایڈیشنل کلکٹر لوکل باڈیز پرفل دیسائی، ڈسٹرکٹ ایکسائز سپرنٹنڈنٹ سرینواس راؤ، ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر سجتا، ویلفیئر آفیسر سرسوتی، زراعت آفیسر سرینواس، مختلف محکموں کے افسران اور عملہ نے شرکت کی۔