اگرتلہ: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سندوش کمار پی نے منگل کے روز چیف الیکشن کمشنر پر زور دیا کہ وہ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کو ضروری ہدایات جاری کریں تاکہ ریاست میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے ۔ تریپورہ میں 16فروری کو اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں سندوش کمار نے آج الزام لگایا کہ حکمراں بی جے پی کے کارکنوں کی طرف سے جنوبی تریپورہ کے سنتیربازار اسمبلی حلقہ میں سی پی آئی کارکنوں پر حملے اور تشدد کا سلسلہ گزشتہ چند دنوں سے جاری ہے جہاں سے سی پی آئی کے امیدوار ستیہ جیت ریانگ بایاں محاذ اور کانگریس امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔معاملہ سی ای او کے سامنے بھی لایا گیا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ تشدد جاری ہے ، جس سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے ۔سندوش کمار نے کہا، ”بی جے پی کے کارکنان ہماری پارٹی کے کارکنوں اور سی پی آئی امیدوار کے نامزد پولنگ اور گنتی ایجنٹوں کے گھروں پر حملہ کر رہے ہیں۔ اس بات کا خدشہ ہے کہ بی جے پی کارکن تشدد کا سہارا لے سکتے ہیں اور ہمارے ووٹروں کو پولنگ بوتھ تک پہنچنے سے روکنے کی دھمکی دے سکتے ہیں۔مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی-ایم) اور کانگریس نے بھی بی جے پی کے خلاف ایسی ہی شکایات کے ساتھ ای سی آئی سے رجوع کیا ہے ۔ انہوں نے پوری ریاست میں سخت حفاظتی انتظامات اور امتناعی احکامات نافذ کرنے کا مطالبہ کیا۔ یاد رہیکہ آج کل تمام سیاسی جماعتیں انتخابات کے انعقاد پر چوکس ہوجاتی ہیں کیونکہ انہیں یہ اندیشہ ہوتا ہیکہ مسابقتی امیدوار رائے دہی کے موقع پر دھاندلی کرسکتے ہیں۔