منظم طریقے سے جلد ہی شروع کریں گے پریکٹس: وزیر اسپورٹس

   

طبی ماہر اور قومی کھیل فیڈریشن کی مشاورت سے ایس او پی تیار
نئی دہلی۔16 مئی ( سیاست ڈاٹ کام)مرکزی وزیر کھیل کرن ریجیجو نے کہا ہے کہ حکومت جلد ہی منظم طریقے سے پریکٹس شروع کرنے کی کوشش کرے گی۔ریجیجو نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بنگلور میں واقع اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا ( سائی )مرکز میں موجود سینئر مرد اور خاتون ہاکی ٹیموں کے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور تقریبا 40 کھلاڑیوں، کوچز اور ڈائریکٹرز سے لاک ڈاؤن کے بعد میدان پر ٹریننگ شروع کرنے کو لے کر تجویز مانگیں۔اس آن لائن ملاقات میں کھیل سیکرٹری روی متل، سائی کے ڈائریکٹر جنرل سندیپ پردھان ، ہندستانی اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نریندر دھرو بترا، ہاکی انڈیا کے صدر محمد مشتاق احمد، ہاکی انڈیا کے ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر ڈیوڈ جان، مرد ٹیم کے چیف کوچ گراہم ریڈ، خواتین ٹیم کے کوچ شرڈ مرنے اور ہاکی فیڈریشن کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔بحث کے بعد ریجیجو نے کھلاڑیوں اور کوچز کو کیمپ کے اندر سائی کی طرف سے قائم کمیٹی کی معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پی ) کے نفاذ پر ٹریننگ شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔طبی ماہر اور قومی کھیل فیڈریشن کے مشاورت کے بعد ایس او پی تیار کیا گیا ہے۔وزیر کھیل نے کہا کہ ایس وی پی تیار کیا گیا ہے اور ہمیں ہاکی کھلاڑیوں اور کوچز سے ان پٹ ملے ہیں۔ہم جلد ہی منظم طریقے سے مشق شروع کریں گے۔یہ صحت کے ماہرین، کوچز، فیڈریشن کے حکام اور حکومت سے رائے لینے کے بعد شروع کیا جائے گا۔ریجیجو نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم میدان پر کھلاڑیوں کی واپسی کے لئے مکمل مدد کریں گے لیکن ہمیں توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ہم ایک بھی کھلاڑی کی صحت سے رسک نہیں لے سکتے کیونکہ اس سے پوری منصوبہ بندی ناکام ہو سکتی ہے۔ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ کورونا کے بعد کھیل کا طریقہ پوری طرح بدل جائے گا اور ہمیں آگے بڑھنے کے لئے اس تبدیلی کے لئے تیار رہنا ہوگا۔ملاقات کے دوران زیادہ تر کھلاڑیوں نے ٹریننگ شروع کرنے کی وکالت کی اور اس بارے میں اپنی رائے رکھی۔ ہندستان مرد ہاکی ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ نے ملاقات کے دوران مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم بنیادی مہارت پر ٹریننگ شروع کریں اور پنالٹی کارنر کی طرح دیگر ٹیکنالوجی پر کام کریں تو اس سے ٹیم کو اولمپکس کی تیاریوں کے لئے کافی مدد ملے گی۔خواتین ہاکی ٹیم کی کپتان رانی نے کہا کہ ٹیم فٹنس کے طور پر صحیح سمت میں ہے لیکن اولمپک کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کرنے اور قوت برداشت بڑھانے کے لئے ٹیم کو میدان پر واپسی کرنی ہوگی۔