۔25 ستمبر یوم پیدائش کے موقع پر خصوصی پیشکش
ممبئی، 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فلم انڈسٹری کی خوش قسمتی رہی ہے کہ یہاں متعدد ایسے فن کارپیدا ہوئے جنہوں نے پردئہ سیمیں پر اپنی فنی صلاحیتوں اور ہمہ جہت اداکاری کی بدولت فلم انڈسٹری میں وہ مقام حاصل کیا’ جو انہیں مقبولیت اور شہرت کی بلندیوں پر لے گیا۔ بلاشبہ فیروز خان بھی ایک ایسے ہی فن کار تھے ’ جنہوں نے اپنی ہمہ جہت اداکاری کی بدولت لوگوں کی توجہ اپنی طرف متوجہ کروائی۔ فیروز خان کی پیدائش 25 ستمبر 1939کو بنگلور میں ہوئی تھی۔ان کے والد پٹھان تھے جب کہ والدہ کا تعلق ایرانی نسل سے تھا۔ فلم انڈسٹری میں ان کی شناخت ان کے منفردانداز کی وجہ سے تھی۔ ان کی منفرد اداکاری اور شاہانہ انداز ہمیشہ لوگوں کے لئے باعث کشش رہا۔وہ نہایت نفاست پسند انسان تھے ۔ فیروز خان نے اپنے کیریئر کی ابتدا دوسرے درجے کی فلموں سے کی۔1960میں انہوں نے ‘دیدی’ نامی فلم میں بطور معاون اداکارکام کیا۔بعد ازاں کئی برسوں تک وہ بی اورسی گر یڈ فلموں میں کام کرتے رہے ۔ 1965میں ریلیز ہونے والی فلم ‘اونچے لوگ’ ان کے کیرے ئر کا سنگ میل ثابت ہوئی ۔ اس فلم میں ان کی اداکاری کو کافی سراہا گیا۔