منموہن سنگھ نے 43 ہزار کیلومیٹر علاقہ چین کے حوالے کردیا تھا

,

   

پڑوسی ملک نے 600 بار دراندازی کی تھی ،بی جے پی صدر جے پی نڈا کا الزام

نئی دہلی۔ بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے چین تنازعہ پر دیئے گئے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت وزیراعظم منموہن سنگھ کے دور میں 43,000 کیلومیٹر ہندوستانی علاقہ چین کے حوالے کردیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 2010ء اور 2013ء کے درمیان پڑوسی ملک نے کانگریس کے دور میں زائد از 600 مرتبہ دراندازی کی تھی۔ جے پی نڈا نے کہا کہ کانگریس کے سینئر قائد اور ان کی پارٹی کو بارہا ہندوستانی افواج کی توہین کرنا اور ان کی ذمہ داریوں سے متعلق سوال کرنا بند کرنا چاہئے۔ اپوزیشن کانگریس نے ایراسٹرائیک اور سرجیکل اسٹرائیک پر سوال کھڑے کئے تھے۔ جے پی نڈا نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو موجودہ حالات میں قومی اتحاد کے حقیقی معنی سمجھنا چاہئے۔ واضح رہے کہ منموہن سنگھ نے آج چین کیساتھ سرحدی تنازعہ سے نمٹنے کے وزیراعظم نریندر مودی کے طریقہ کار پر اعتراض کیا ہے اور اپنے بیانات کے عوامل پر بھی غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے شہید فوجیوں کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ چین کیساتھ سرحدی تنازعہ پر کانگریس پارٹی مودی حکومت کو مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔