مظفرپور (بہار)۔8 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایک عدالت نے بالی ووڈ ایکٹرس انوپم کھیر ، اکشے کھنہ اور 15 دیگر کے خلاف جو سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی میعاد پر مبنی آنے والی فلم ’’دی ایکسیڈینٹل پرائم منسٹر‘‘ سے جڑے ہیں ، ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے ۔ آج یہاں سب ڈیویژنل جج (ایسٹ ) گوربھ کمل نے ضلع کے کانتی پولیس اسٹیشن کو ہدایت دی کہ ایڈوکیٹ سدھیر کمار اوجھا کی شکایت کی اساس پر ایف آئی آر درج رجسٹر کی جائے ۔ اوجھا گزشتہ 2 جنوری کو عدالت سے اس شکایت کے ساتھ رجوع ہوئے کہ یہ فلم منموہن سنگھ اور دیگر متعدد عوامی شخصیتوں کو غلط طورپر پیش کرتی ہے ۔ اپنی شکایت میں اوجھا نے انوپم کھیر کا نام لیا جو منموہن سنگھ کا رول ادا کررہے ہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ اکشے کھنہ کو منموہن سنگھ کے میڈیا اڈوائزر سنجے بارو کا رول ادا کرنے پر عرضی میں شامل کیا گیا ۔ سنجے بارو کی کتاب کی بنیاد پر ہی یہ فلم بنائی گئی ہے ۔ یہ فلم 11 جنوری کو ریلیزـ کرنے کی تیاری ہے ۔