سابق وزیر اعظم کے ’ سیاست ‘ سے قریبی روابط : جناب زاہد علی خان
حیدرآباد 26 ڈسمبر ( سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا انتقال ملک کے لئے عظیم نقصان ہے اور اس نقصان کی تلافی موجودہ دور میں مشکل نظر آتی ہے۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے منموہن سنگھ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ ان کا منموہن سنگھ کے ساتھ وزیر اعظم سے زیادہ ایک اردو داں اور ادب کے قدر داں کی حیثیت سے گھرا تعلق رہا۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم کے انتقال کو ہندستانی تہذیب اور اردو زبان کے نقصان سے تعبیر کیا اور کہا کہ وہ زبان و ادب کے قدر داں رہے۔ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ ملک کی معیشت کے استحکام میں منموہن سنگھ کی معاشی پالیسیوں کا کلیدی کردار رہا۔ سابق وزیر اعظم کی بحیثیت وزیر فینانس خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا اور کہا کہ منموہن سنگھ نے سیاست میں صلاحیت اور قابلیت کی بنیاد پر جگہ بنائی اور سیاسی مقاصد براری کیلئے کسی کی خوشامد نہیں کی۔ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ کانگریس کو منموہن سنگھ نے دوبارہ اقتدار دلانے اہم کردار ادا کیا اور 2004 تا 2014 کئی مشکل حالات کے باوجود وزیراعظم کے عہدہ پر برقرار رہے۔ جناب زاہد علی خان نے ادارہ سیاست سے ڈاکٹر منموہن سنگھ وابستگی کا تذکرہ کیا اور کہا کہ سابق انہوں نے روزنامہ سیاست کے ای ۔ پیپر کا بحیثیت وزیر اعظم افتتاح انجام دیا تھا۔
منموہن سنگھ اخلاقی سیاست کے سفیر تھے
اصول پسند سیاست و ترقی پسند تہذیب کا خاتمہ : جناب عامر علی خان
حیدرآباد۔26۔ڈسمبر(سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا انتقال سیاسی، معاشی،سماجی اور ادبی حلقوں کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل نے سابق وزیر اعظم کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو رواں صدی کے عظیم ماہر معاشیات و اخلاقی سیاست کے سفیر قرار دیا اور کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کے ہمراہ بحیثیت صحافی بیرونی دوروں میں شامل رہنے کا انہیں اعزاز حاصل رہا ہے۔ جناب عامر علی خان نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ عظیم متحدہ ہندوستان کی سر زمین پر پیدا ہونے والی بلند پایا شخصیت تھے اور انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا انتہائی کم عمر میں منوایا تھا ۔ جناب عامر علی خان نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کم گو لیکن صاف گو شخصیت تھے۔ رکن کونسل نے ان کے ساتھ گزرے وقت کا تذکرہ کیا اور کہا کہ وہ جب کبھی صحافیوں سے دوران سفر ملاقات کرتے تو یہ ملاقاتیں خوشگوار ماحول میں ہوتیں اور وہ صحافیوں کے سوالات کے جواب دیا کرتے تھے۔ جناب عامر علی خان نے منموہن سنگھ کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ ان کا انتقال ملک میں اصول پسند سیاست، ترقی پسند تہذیب، مذہبی ہم آہنگی کے ایک دور کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم کی موت سے ہونے والے نقصانات کی مستقبل قریب میں پابجائی کے امکانات کو موہوم قرار دیا۔