منوج تیواری کا کجریوال پر جوابی حملہ ، وہ ووٹ کیلئے مذہبی کارڈ کھیل رہے ہیں

   

نئی دہلی : دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس کر کے مرکزی حکومت سے اپیل کی اور کہا کہ ہندوستانی روپے پر گاندھی جی کے ساتھ لکشمی اورگنیش کی تصویر ہونی چاہیے۔ اس پر بی جے پی نے کجریوال کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ بی جے پی نے کہا ہے کہ اروند کجریوال کو ہندوتوا کارڈ نہیں کھیلنا چاہیے۔ وہ صرف ووٹ لینے کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ بی جے پی ایم پی منوج تیواری اور بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کجریوال کو نشانہ بنایا ہے۔سمبت پاترا نے کہا کہ پورا ملک دیکھ رہا ہے کہ دیوالی منانے پر انہیں جیل میں ڈالنے کی دھمکی دینے والے آج کس طرح یو ٹرن لے رہے ہیں۔آج اچانک وہ لکشمی اور گنیش کی بات کر رہے ہیں، یہ سب انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب بی جے پی لیڈر منوج تیواری نے اروند کجریوال پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کجریوال کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کجریوال ووٹ کے لیے مذہب کا ڈرامہ کررہے ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کجریوال کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دہلی اور پنجاب میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔کانگریس لیڈر سندیپ دکشت نے بھی کیجریوال کو گھیرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کو بی جے پی اور آر ایس ایس کی بی ٹیم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات کسی کو بھی سمجھ میں ا?سکتی ہے کہ یہ ان کی ووٹ کی سیاست ہے۔کجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ اگر وہ پاکستان گئے، تو یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ میں پاکستانی ہوں، اس لیے مجھے ووٹ دیں۔اس سے پہلے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے چہارشنبہ کوکہا کہ ہندوستانی کرنسی پر گاندھی جی کے ساتھ لکشمی اور گنیش کی تصویر ہونی چاہئے۔ اس سے دیوی دیوتاؤں کا آشیرواد ملتا ہے اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔