اورنگ آباد ، 3 ستمبر (یو این آئی) مراٹھا ریزرویشن کارکن منوج جارنگے پاٹل کو ممبئی میں پانچ دن کی بھوک ہڑتال کے بعد ان کی صحت کی شدید خرابی کے باعث بدھ کی صبح اورنگ آباد کے گلیکسی اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کرایا گیا۔ جارنگے کا قافلہ چہارشنبہ کی صبح ایک بجے کے قریب اسپتال پہنچا جہاں انتہائی کمزوری کی وجہ سے انہیں فوری طور پر آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال کے باہر حامیوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی، کارکن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، آتش بازی کی گئی اور ’’پاٹل، پاٹل، پاٹل‘‘ اور ’’ایک مراٹھا، لاکھ مراٹھا‘‘ کے نعرے لگائے گئے ۔ معالج ڈاکٹر گووند چورے نے بتایا کہ جب انہیں اسپتال لایا گیا تو حالت تشویشناک تھی اور نس میں سوئی ڈالنے میں دشواری پیش آئی کیونکہ طویل برت کے باعث رگیں تلاش کرنا مشکل تھا۔ ڈاکٹر نے کہا کہ جارنگے کے خون میں شکر کی سطح میں نمایاں کمی ہوئی تھی اور بھوک ہڑتال کے دباؤ کی وجہ سے بلڈ پریشر بڑھ گیا تھا۔ پچھلی بھوک ہڑتال اور گردے سے متعلق پیچیدگیوں کی وجہ سے ان کی مجموعی صحت متاثر ہوئی ہے ۔