ممبئی : معروف بالی ووڈ فلمساز اداکار منوج کمار کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ ممبئی کے پون ہنس شمشان گھاٹ میں ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ اس سے پہلے انہیں سرکاری اعزازات سے نوازا گیا تھا۔ منوج کمار کی اہلیہ ششی گوسوامی اپنے شوہر کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جوہو کے شمشان گھاٹ پہنچیں۔ میگا اسٹار امیتابھ بچن اپنے بیٹے اور اداکار ابھیشیک بچن کے ساتھ منوج کمار کو آخری الوداع کرنے پہنچے ۔ پروڈیوسر اسکرین رائٹر سلیم خان اپنے بیٹے اور اداکار ارباز خان کے ساتھ ممبئی کے پون ہنس شمشان میں منوج ‘بھارت’ کمار کی آخری رسومات میں شریک ہوئے ۔ انو ملک، راجپال یادو اور پریم چوپڑا سمیت کئی ستاروں نے شمشان گھاٹ میں منوج کمار کو الوداع کیا۔ معروف ہندستانی فلم اداکار منوج کمار کاجمعہ کو دیہانت ہوگیا تھا ۔ منوج کمار حب الوطنی پر مبنی فلموں کے لیے جانے جاتے تھے ۔ انہیں 1992 میں پدم شری اور 2015 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔