منوگوڑ ضمنی چناؤ کیلئے جاریہ ماہ کے اواخر میں اعلامیہ کا امکان

   

حیدرآباد8 ستمبر (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ کمیشن کی ہدایت پر منوگوڑ حلقہ کے تمام ای وی ایم اور وی وی پیاٹس کی جانچ شروع ہوچکی ہے اور توقع ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔ رائے دہی میں استعمال کئے جانے والے ای وی ایم مشینوں کی سیاسی قائدین کی موجودگی میں جانچ کرکے انہیں مہربند کیا جائے گا تاکہ رائے دہی کے موقع پر کوئی اعتراض نہ رہے۔ نلگنڈہ ہیڈکوارٹرس پر ای وی ایم مشینوں کی جانچ کا کام توقع ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ میں مکمل ہوجائے گا۔ ضلع کلکٹر نلگنڈہ کے ونئے کرشنا ریڈی اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کی جانب سے ای وی ایم مشینوں کے بارے میں الیکشن کمیشن کو رپورٹ روانہ کی جائے گی جس کے بعد اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ موجودہ ای وی ایم مشینوں کی جانچ کے علاوہ احتیاطی طور پر اضافی ای وی ایم مشینوں اور وی وی پیاٹس کو بھونگیر سے نلگنڈہ منتقل کیا جارہا ہے۔ ضلع حکام کی نگرانی میں ابھی تک 1192 بیالٹ یونٹس ، 596 کنٹرول یونٹس اور 596 وی وی پیاٹس موجود ہیں۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ووٹر لسٹ میں ناموں کی شمولیت کیلئے 15000 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ اس حلقہ میں جملہ 7 منڈل اور دو میونسپلٹیز ہیں۔ 176 گرام پنچایت منوگوڑ کے تحت ہیں جبکہ سارے حلقہ میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 288 ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ای وی ایم مشینوں اور وی وی پیاٹس کے آفس کے سلسلہ میں تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ 2014 ء میں منوگوڑ میں 85 فیصد رائے دہی ہوئی تھی جبکہ 2018 ء میں 91 فیصد پولنگ درج ہوئی ۔ ضمنی چناؤ میں رائے دہی کا فیصد 95 سے تجاوز کرسکتا ہے۔ ای وی ایم کی جانچ کے دوران کانگریس پارٹی کی جانب سے بعض اعتراضات کئے گئے اور الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی۔ر