منوگوڑ کے ای وی ایم مشینوں کی جانچ میں بے قاعدگیوں کی شکایت

   


کانگریس کا الیکشن کمیشن کو مکتوب، مشینوں میں اُلٹ پھیر کا اندیشہ
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے منوگوڑ ضمنی چناؤ میں استعمال کی جانے والی ای وی ایم مشینوں کی جانچ پر شبہات کا اظہار کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر نلگنڈہ کے ای وی ایم گودام میں مشینوں، کنٹرول یونٹ اور وی وی پیاٹ کے پہلے مرحلہ کی جانچ کا آج صبح آغاز ہوا لیکن الیکشن کمیشن نے جو شرائط رکھی ہیں ان کی صریح خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ مقامی کانگریس قائدین کی شکایت پر نائب صدر پردیش کانگریس جی نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تفصیلات بیان کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مشینوں کی جانچ کے موقع پر ضلع کانگریس کے صدر شنکر نائیک اور پردیش کانگریس الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے رکن پی راجیش کمار موجود تھے۔ ان دونوں نے بے قاعدگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق ایف ایل سی ہال میں قواعد پر سختی سے عمل کیا جائے۔ اس ہال میں انٹرنیٹ کنکشن اور دو کمپیوٹر فراہم کئے گئے ہیں جو قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ ہال میں داخلہ کیلئے صرف ایک دروازہ ہونا چاہیئے لیکن یہاں پر کئی دروازے اور کھڑکیاں موجود ہیں جن میں سے باآسانی کوئی بھی داخل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے سیل فون کے استعمال کے بارے میں بھی قواعد کی خلاف ورزی کا حوالہ دیا۔ نرنجن نے چیف الیکشن کمشنر سے فوری مداخلت کی خواہش کی اور کہا کہ اگر موجودہ صورتحال پر توجہ نہیں دی گئی تو آزادانہ اور منصفانہ رائے دہی ممکن نہیں ہوگی اور الیکشن کمیشن کی غیرجانبداری پر شبہات پیدا ہوں گے۔ کانگریس قائدین نے الیکشن کمیشن کے مقامی نمائندوں کو اپنے اعتراضات سے پہلے ہی واقف کرادیا ہے۔ ر