منوہر پاریکر کے بیٹے نے بی جے پی کو چھوڑدیا

,

   

Ferty9 Clinic

گوا کی پنجی سیٹ سے الیکشن لڑنے کا اعلان
پا ناجی :گوا اسمبلی انتخاب سے عین قبل اس وقت ہلچل مچ گئی جب سابق چیف منسٹر منوہر پاریکر کے خاندان کو نظر انداز کر دیا گیا ۔ بی جے پی کے ذریعہ سمجھوتہ کرنے کی سبھی کوششوں کو خارج کرتے ہوئے منوہر پاریکر کے بیٹے اْتپل پاریکر نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا اور کہا کہ 14 فروری کو ہونے والے اسمبلی انتخاب میں وہ پنجی سیٹ سے بطور آزاد امیدوار حصہ لیں گے۔ اْتپل نے یاد دلایا کہ ان کے والد بھی اسی سیٹ کی نمائندگی کرتے تھے۔اْتپل پاریکر نے پنجی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کے والد کے انتقال کے بعد 2019 کے پنجی ضمنی انتخابات کے دوران پارٹی نے ان کی امیدواری کو خارج کر دیا تھا۔ اس وقت انھیں وہاں کے لوگوں کی مکمل حمایت حاصل تھی اور یہ پارٹی وہ نہیں رہی ہے جو ان کے والد کے وقت میں تھی۔انھوں نے کہا کہ پارٹی نے جس امیدوار کو ٹکٹ دیا ہے ان کے بارے میں بات کرنے میں مجھے شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔ پنجی میں پارٹی کی شناخت 30 سال سے زیادہ کی ہے لیکن یہاں ایک ایسے شخص کو ٹکٹ دیا ہے جو ابھی دو سال پہلے ہی اس میں شامل ہوا تھا۔ میرے پاس اب کوئی متبادل نہیں ہے اور مجھے لوگوں کے درمیان جانا ہے۔
اْتپل پاریکر نے کہا کہ جہاں تک کسی سیاسی پارٹی کا سوال ہے، تو میرے لیے واحد پارٹی بی جے پی دستیاب ہے۔ لیکن دوسرا اسٹیج آزاد امیدوار کے طور پر ہے۔ یہ میرا اپنا اسٹیج ہے جس کے بارے میں مجھے بدقسمتی سے ان اقدار کے لیے سوچنا پڑا ہے جن پر میں یقین کرتا ہوں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کسی دیگر سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے۔