سمیت غذاء واقعہ پر حکومت کی سخت کارروائی، وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کا دورہ
حیدرآباد : 4 جون (سیاست نیوز) ایرا کڈہ میں واقع گورنمنٹ ہاسپٹل فار منٹل کیر میں سمیت غذاء کے واقعہ کا حکومت نے سنجیدگی سے نوٹ لیا ہے اور کئی افراد کے خلاف کارروائی کی ہے۔ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ نے غذائی اجناس سربراہ کرنے والے کنٹراکٹر جئے پال ریڈی کی فی الفور برطرفی کے احکامات جاری کئے۔ حکومت نے آر ایم او ڈاکٹر پدمجا کو تبدیل کردیا ہے۔ منٹل ہاسپٹل میں کل پیش آئے سمیت غذا کے واقعہ میں ایک مریض کی موت واقع ہوئی اور دیگر 92 متاثر ہوئے۔ ان میں سے 18 کو علاج کے لیے عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ بھوپال پلی ضلع سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ کرن نامی مریض کی علاج کے دوران ہاسپٹل میں موت کے بعد سمیت غذاء کا یہ معاملہ منظر عام پر آیا۔ عثمانیہ ہاسپٹل سے ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم کے ذریعہ منٹل ہاسپٹل کی صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ منٹل ہاسپٹل میں طبی سہولتوں کی فراہمی پر حکومت نے رپورٹ طلب کی ہے۔ یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر یہ واقعہ پیش آیا جس پر وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وارڈ میں جملہ 71 مریض تھے۔ دامودر راج نرسمہا نے اس واقعہ پر عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی جس کے بعد کنٹراکٹر کی برخاستگی اور آر ایم او کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔ دامودر راج نرسمہا نے ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے ملاقات کی اور ان کے علاج کے بارے میں ڈاکٹروں سے معلومات حاصل کیں۔ وزیر صحت نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو اس کے لیے حکومت اقدامات کرے گی۔ انہوں نے ڈائٹ کنٹراکٹر کے خلاف سخت کارروائی کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سمیت غذا سے متاثر زیر علاج مریضوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ دامودر راج نرسمہا نے عثمانیہ ہاسپٹل میں زیر علاج 18 مریضوں کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ اندرون دو یوم مریضوں کو ڈسچارج کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں جو ذمہ دار پائے جائیں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اسی دوران سکریٹری صحت ڈاکٹر کریسٹینا چونٹو نے جی او آر ٹی 260 جاری کرتے ہوئے ڈپٹی سیول سرجن آر ایم او ڈاکٹر ڈی پدمجا کو فوری اثر کے ساتھ خدمات سے علیحدہ کردیا ہے۔ ڈاکٹر بی شنکر ڈپٹی سیول سرجن آر ایم او عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کو انچارج آر ایم او انسٹی ٹیوٹ آف منٹل ہیلتھ ایراگڈا مقرر کیا گیا۔ 1