منچریال تا امراوتی نئی قومی شاہراہ تعمیر کرنے کی تجویز

   

70 کیلو میٹر طویل اور 300 فٹ چوڑی سڑک کے لیے اراضی سروے کا آغاز
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے ضلع منچریال تا ریاست آندھرا پردیش کی راجدھانی امراوتی تک ایک اور نئی قومی شاہراہ کی تعمیر کرنے مرکزی حکومت تجویز رکھتی ہے ۔ تلنگانہ کے ضلع منچریال سے براہ ورنگل ، محبوب آباد ، کھمم سے ہوتے ہوئے امراوتی ( وجئے واڑہ ) کو مربوط کرنے کے لیے تعمیر کی جانے والی اس نئی قومی شاہراہ کے لیے سروے کا بھی آغاز ہوچکا ہے اور یہ سروے نئی قومی شاہراہ کی تعمیر کے لیے فیزیبلیٹی سے متعلق کیا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اب تک سوریہ پیٹ تا آشوا راؤ پیٹ کو مربوط کرتے ہوئے قومی شاہراہ اور ورنگل سے کھمم ضلع کو مربوط کرنے کے لیے ایک قومی شاہراہ کی تعمیر کے لیے سروے کے کام مکمل ہونے کے بعد سوریہ پیٹ ، کھمم ، آشوا راؤ پیٹ شاہراہ کی تعمیر کے لیے رقومات کی منظوری عمل میں آنے کے پیش نظر حصول اراضی کے مرحلہ کا آغاز ہوچکا ہے اور اب ایک اور قومی شاہراہ کی تعمیر کے لیے سروے ٹیم ضلع کے رگھوناتھ پالم منڈل کے وی وی پالم کے قریب نئے کلکٹریٹ کے پاس پائے جانے والے ایک انجینئرنگ کالج روڈ سے متصل اراضی کا سروے کیا گیا ۔ علاوہ ازیں بتایا جاتا ہے کہ اب تک ہی کھمم سے کوروی ، محبوب آباد ، تک براہ سوریہ پیٹ سے دیورا پلی تک قومی شاہراہ کے کاموں کی انجام دہی کے لیے مرکزی حکومت نے اجازت دے دی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ کھمم سے ریاست آندھرا پردیش کے امراوتی کو مربوط کر کے قومی شاہراہ کی تعمیری اقدامات کے تحت سروے کئے جانے کی اطلاعات ہیں ۔ اسی دوران سروے کرنے والی ٹیم کے ارکان نے بتایا کہ اب تک کھمم تا وجئے واڑہ کے قریب تک جملہ زائد از 70 کیلو میٹر طویل شاہراہ کی تعمیر کے لیے سروے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور بتایا کہ زائد از 70 کیلو میٹر طویل اور 300 فٹ چوڑائی کے ساتھ تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں تلگو ریاستوں کو ایکدوسرے مربوط کرنے کے لیے یہ شاہراہ تعمیر کی جائے گی ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اس قومی شاہراہ کی تعمیر کے مقصد سے ہی کولکتہ سے تعلق رکھنے والی جی جی کمپنی کے ادارہ کی جانب سے گذشتہ زائد از ایک ماہ سے قومی شاہراہ کی تعمیر کے امکانات سے متعلق فیزیبیلیٹی سروے کیا جارہا ہے اور یہ سروے ایلندو روڈ رگھوناتھ پالم بائی پاس سے وی وی پالم کے قریب میں واقع انجینئرنگ کالج کے قریب سے چنتا کانی منڈل اور بوناکل منڈلوں پر سے سروے انجام دیا گیا اور سروے کے دوران ہی قومی شاہراہ کے لیے درکار مارکنگ (نشاندہی ) بھی کی جارہی ہے ۔ اس طرح بہت جلد اس قومی شاہراہ کی تعمیر کے لیے اقدامات کرنے کی قوی توقع ہے ۔۔