منچریال میں ایک خاندان کے 4 افراد کی خودکشی

   

حیدرآباد۔ منچریال میں ایک ہی خاندان کے چار افراد نے بھاری قرض کی وجہ سے خود کشی کرلی ۔ پولیس نے بتایا کہ ایک شخص ‘ اس کی شریک حیات ‘ دختر اور ایک بیٹے نے منچریال ضلع کے کاسی پیٹ منڈل میں اپنے گھر میں پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ یہ واقعہ آج صبح پیش آیا ۔ کہا گیا ہے کہ کئی برسوں سے یہ شخص لیز پر حاصل کردہ اراضی پر کاشت کر رہا تھا اور اسے بھاری نقصانات ہوئے ۔ اس کے علاوہ اس نے گذشتہ سال اپنی بیٹی کی شادی کیلئے بھاری قرض بھی لیا تھا ۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ اس شخص نے کچھ افراد سے لاکھوں روپئے کا قرض لیا تھا اور اسی کے بوجھ سے اس خاندان نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ خود کشی کے مقام سے ایک نوٹ بھی ملا ہے جس میں متوفی شخص نے کہا کہ وہ قرض واپس کرنے کے موقف میں نہیں ہے اور اسی لئے اس نے افراد خاندان کے ساتھ اپنی زندگی ختم کرلینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور تحقیقات جاری ہیں۔