منچریال میں سردی کی شدید لہر

   

منچریال۔/11ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منچریال میں موسم سرما بتدریج شدید ہوتا جارہا ہے۔ دن کے دوران ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ شام 5 بجے سے ٹریفک و عوام کی چہل پہل میں کمی واقع ہورہی ہے۔ بازار شام سے ہی سنسان دکھائے دے رہے ہیں۔ تاہم گرم کپڑوں کی دکانات میں عوام کی کثیر تعداد نظر آرہی ہے۔ گرم ملبوسات کی فروخت میں کافی اضافہ ہوگیا ہے۔ اقل ترین درجہ حرات 10.5 درجہ سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے بموجب آئندہ چند دنوں میں سردی مزید شدت اختیار کرے گی۔

بلدیہ محبوب نگر کی جدید حد بندی سے
متعلق 49 اعتراضات وصول
محبوب نگر۔/11 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ محبوب نگر کے حلقہ جات کی نئی حد بندی کے تعلق سے اعتراضات پیش کرنے کیلئے آخری دن کے ختم تک جملہ 49اعتراضات وصول ہوئے ہیں۔ بلدی عہدیداران نے اعتراضات کی وصولی کے بعد حلقوں کے مطابق یہ کام 16 ڈسمبر تک جاری رہے گا اور تمام حلقہ جات کی رپورٹ 17 ڈسمبر کو حکومت کو روانہ کردی جائے گی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ اہم سیاسی جماعتوں کے قائدین نے جدید حدبندی پر سخت اعتراض کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بلدیہ میں مسلم نمائندگی کا فیصد کم کرنے کیلئے سازش کی گئی ہے۔ مسلم علاقوں کو غیر مسلم علاقوں کوجوڑنا اس کا ثبوت ہے ۔ اس سلسلہ میں مسلم قائدین نے راست کمشنر سے ملاقات کرکے اعتراضات پر مشتمل یادداشت کمشنر بلدیہ سریندر کے حوالے کی تھی۔