رکن اسمبلی مدن موہن کی دلچسپی سے سات مواضعات کی عوام کو راحت ملے گی
یلاریڈی ۔29 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) منڈل تاڑوائی کے چٹیالا علاقہ کو خصوصی برقی سب اسٹیشن منظور کئے جانے سے سات مواضعات کی عوام کو برقی مسائل سے راحت ملنے کو ہے ۔ ان مواضعات کو ایک ہی بریکر سے اب تک برقی سربراہ کی جاتی رہی ہے جس سے کسی ایک علاقہ میں برقی مرمت کے کام نکل آنے پر تمام علاقوں میں برقی سربراہی متاثر ہوتی رہی ۔ اس مسئلہ کو رکن اسمبلی مدن موہن راؤ کے علم میں لانے پر انھوں نے غیرمعمولی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے CMD سے بات کرکے چٹیالا علاقہ میں ایک کروڑ 75لاکھ روپئے کی لاگت سے برقی سب اسٹیشن کو منظور کروایا ۔ ٹنڈر کا کام مکمل ہوتے ہی پانچ تا چھ ماہ میں جدید برقی سب اسٹیشن کا قیام عمل میں آئے گا ۔ اب تک منڈل راجم پیٹ کے کے ارگنڈہ برقی سب اسٹیشن سے تاڑوائی کے چٹیالا ، سنتائی پیٹ ، سومارم مواضعات کو برقی سربراہ کرتے آرہے تھے ۔ چٹیالا کے جدید برقی سب اسٹیشن کا قیام عمل میں آنے پر چٹیالا ، سنتائی پیٹ ، سومارم ، سومارم تانڈا ، انارم ، انارم تانڈا ، ونگائی پلی مواضعات کو برقی مسائل سے راحت ملے گی۔ان مواضعات کے برقی گھریلو صارفین زراعت کیلئے علحدہ علحدہ سربراہ کرنے کا موقع رہے گا ۔ عہدیداروں نے چٹیالا علاقہ کی عوام کی جانب سے دی گئی اراضی کا معائنہ بھی کرلیا ہے۔ محکمہ برقی ایس ای رمیش بابو نے جدید برقی سب اسٹیشن کے کام کا بہت جلد آغاز کرنے کی بات کہی ۔ عرصہ دراز سے سات مواضعات کی عوام کو درپیش برقی مسائل سے نجات ملنے پر عوام نے رکن اسمبلی کی دلچسپی پر اظہار تشکر کیا ۔