حیدرآباد /7 جون ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں منعقدہ دیہی مجالس مقامی کے انتخابات میں حکمراں ٹی آر ایس نے سبقت حاصل کی ہے ۔ منڈل پرجا پریشد ( ایم پی پی ) کے بالواسطہ طور پر منعقدہ انتخابات میں اس کامیابی کے ساتھ ٹی آر ایس حریفوں پر اپنا غلبہ برقرار رکھی ہوئی ہیں ۔ سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ ایم پی پی انتخابات میں ٹی آر ایس ساری ریاست میں اپنے حریفوں سے آگے ہے ۔ ذرائع نے مزید کہا کہ تمام عداد و شمار جمع ہونے کے بعد ہی تفصیلات کا اعلان کیا جائے گا ۔ ریاست میں ایم پی ٹی سی کی 5817 کے منجملہ 3548 پر ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ کانگریس کو 1392 اور بی جے پی کو 208 پر کامیابی حاصل ہوسکی ہے۔ ضلع پرجا پریشد کے 538 کے منجملہ 449 حلقوں میں ٹی آر ایس کو کامیابی ملی ہے ۔ اس پارٹی کو تمام 32 ضلع پریشدوں کے حاصل ہونے کی توقع ہے ۔ جس کیلئے ہفتہ کو بالواسطہ انتخاب عمل میں آئے گا ۔ واضح رہے کہ ڈسمبر 2018 میں منعقدہ ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کے سی آر کے زیر قیادت ٹی آر ایس نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ جس کے بعد دیگر مقامی انتخابات میں بھی حکمراں جماعت کو سبقت حاصل تھی لیکن پارلیمانی انتخابات میں حیرت انگیز طور پرچند حلقوں میں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
