منڈل پرجا پریشد کو فنڈس کے خرچ کیلئے خصوصی اختیارات

   

دیہی علاقوں کی ہمہ جہتی ترقی، ایم پی پی صدور کی ونود کمار سے ملاقات
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے منڈل کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے منڈل پرجا پریشد کو زائد اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دیہی علاقوں کی ترقی کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حال ہی میں ضلع پریشد اور منڈل پریشد کو فنڈس کی اجرائی اور خرچ کے بارے میں خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ کیا۔ منڈل پرجا پریشد فورم کے نمائندوں نے نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ بی ونود کمار سے ملاقات کی اور حکومت کے فیصلہ پر اظہار تشکر کیا ۔ منڈل پرجا پریشد کے صدور پر مشتمل اس فورم کے صدر پربھاکر ریڈی کی قیادت میں وفد نے حکومت کے فیصلہ کی ستائش کی اور کہا کہ دیہی علاقوں کی ضروریات کے عین مطابق ترقیاتی کام انجام دیئے جاسکتے ہیں۔ 14 ویں فینانس کمیشن کے فیصلوں کے مطابق منڈل پرجا پریشد کو کوئی خصوصی اختیارات حاصل نہیں تھے جس کے نتیجہ میں فنڈس کے خرچ کرنے میں دشواریوں کا سامنا تھا۔ 15 ویں فینانس کمیشن نے زائد اختیارات کی سفارش کی اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سفارشات پر عمل کیا ہے۔ ضلع پریشد اور منڈل پریشد کے اسکولوں کے انتظامات کی نگرانی بھی ایم پی پی صدور کو دی گئی ہے۔ فورم کے نمائندوں نے بتایا کہ منڈل پرجا پریشدوں کو چوتھے مرحلہ کا فنڈ ابھی تک جاری نہیں ہوا ہے۔ ونود کمار نے اس معاملہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کرنے کا تیقن دیا ۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت مجالس مقامی کے اداروں کو مستحکم بنانے میں سنجیدہ ہیں۔