منڈیوں سے ٹماٹر حاصل کر کے ارزاں قیمت پر فروخت کرنے حکومت کا فیصلہ

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی (سیاست نیوز) محکمہ امور صارفین نے نیشنل اگریکلچرل کوآپریٹیو مارکیٹنگ فیڈریشن اور نیشنل کوآپریٹیو کنزیومرس فیڈریشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ آندھراپردیش ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کی منڈیوں سے فوری طور پر ٹماٹر حاصل کریں اور ٹماٹر کو ان مراکز میں تقسیم کریں جہاں گزشتہ ایک ماہ سے ٹماٹر کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے۔محکمہ کے مطابق ٹماٹر کا اسٹاک ارزاں / ڈسکاؤنٹ قیمتوں پر ریٹیل آؤٹ لیٹس کے ذریعہ صارفین کو سربراہ کیا جائے گا۔ جمعہ سے دہلی این سی آر علاقہ میں اس کا آغاز ہوگا۔ ریٹیل قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کی بنیاد پر مخصوص مراکز کا انتخاب کرتے ہوئے ٹماٹر اسٹاک کو وہاں تک پہنچایا جائے گا۔ٹماٹر کی ملک کی تقریباً تمام ریاستوں میں پیداوار ہوتی ہے تاہم جنوبی اور مغربی ریاستوں میں یہ زیادہ پیدا ہوتا ہے جو ملک کی مجموعی پیداوار کا 56 تا 58 فیصد ہے۔ سدرن اور ویسٹرن علاقے ٹماٹر کی فاضل پیداوار کے لئے جانے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مستقبل قریب میں ٹماٹر کی قیمت میں کمی ہوسکتی ہے۔