ٹکر کے بعد لاپرواہی سے لڑکی کو گھسیٹنے کے سبب موت ، ڈرائیور فرار
حیدرآباد ۔ /27 ڈسمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقے میرچوک میں پیش آئے ایک دردناک واقعہ میں کمسن بچی کو آٹو ڈرائیور نے ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں اس کی موت واقع ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 11 سالہ شافعہ فاطمہ آج صبح منڈی میرعالم حیدر ہوٹل کے قریب سڑک عبور کرنے کی کوشش کررہی تھی کہ وہاں سے گزرنے والے تیز رفتار ٹاٹا ایس آٹو نے اسے ٹکر دیدی اور انتہائی لاپرواہی سے آٹو چلاتے ہوئے کمسن بچی کو گھسیٹتا ہوا کچھ فاصلے تک لے گیا ۔ اس حادثہ میں کمسن لڑکی برسرموقع ہلاک ہوگئی جبکہ آٹو ڈرائیور وہاں سے فرار ہوگیا ۔ مقامی عوام نے میرچوک پولیس کو اطلاع دی اور پولیس نے لڑکی کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالے کردیا ۔ پولیس میرچوک نے آٹو ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور پولیس علاقہ کی سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ خاطی آٹو ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ پولیس میرچوک نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔