گاندھی ہاسپٹل میں 20 اور فیور ہاسپٹل میں 6 خصوصی وارڈس تیار
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بیرونی ممالک میں خطرے کی گھنٹیاں بجانے والے منکی پاکس بیماری کے خلاف تلنگانہ حکومت متحرک ہوگئی ہے ۔ ریاست میں اس بیماری کو داخل ہونے سے روکنے کے لیے چند ضروری اقدامات کئے ہیں ۔ ایرپورٹ میں مسافرین کی جانچ پڑتال کی جائے گی ۔ اگر صحت سے متعلق انہیں کوئی مسائل ہوں تو انہیں الگ تھلگ رکھا جائے گا ۔ ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے منکی پاکس کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا ہے اور اس پر چوکسی اختیار کرتے ہوئے علاج کے لیے گاندھی ہاسپٹل اور فیور ہاسپٹل نلہ کنٹہ میں خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔ ایمپوکس کے مشتبہ افراد اور اس بیماری کی تشخیص اور متاثرین کے علاج کے لیے دونوں ہاسپٹلس میں خصوصی وارڈس تیار کئے گئے ہیں ۔ گاندھی ہاسپٹل میں منکی پاکس کے مریضوں کے لیے 20 بیڈس تیار رکھے گئے ہیں ۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ مردوں کے لیے 10 اور خواتین کے لیے 10 بیڈس مختص کئے گئے ہیں ۔ فیور ہاسپٹل میں 6 بیڈس تیار کئے گئے ہیں ۔ تاحال ریاست میں منکی پاکس کا ایک بھی کیس درج نہیں ہوا ہے ۔ تاہم چوکس رہنے کا ڈاکٹرس کو مشورہ دیا گیا ہے ۔ منکی پاکس بیماری کے علامتیں ظاہر ہونے پر فوری ڈاکٹرس سے رجوع ہونے کا عوام کو مشورہ دیا گیا ہے ۔ پاکستان کے علاوہ چند افریقی ممالک میں منکی پاکس بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے ۔ کانگو ، نائیجریا اور کیمرون ممالک میں زیادہ کیسیس درج ہورہے ہیں ۔ ایسے متاثرہ ممالک سے تلنگانہ میں قدم رکھنے والوں پر عہدیدار خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ اگر کسی میں اس طرح کی کوئی علامتیں پائی جاتی ہیں تو انہیں آئسولیشن میں رکھنے اور علامتیں ظاہر ہونے پر فوری ہاسپٹلس سے رجوع ہونے کا ڈاکٹرس مشورہ دے رہے ہیں ۔ منکی پاکس کی علامتوں میں بخار ، سردرد ، گلے کی سوزش ، جسم کے مختلف حصوں پر خارش ، کمر درد ، سردی ، تھکاوٹ وغیرہ شامل ہیں ۔۔ 2