منکی پاکس: کیلیفورنیا میں بھی ہنگامی حالات کا اعلان

   

نیویارک : امریکی ریاست نیویارک کے بعد کیلیفورنیا نے بھی منکی پاکس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔ کیلیفورنیا کے گورنر نے پیر کو منکی پاکس کی بیماری پھیلنے کے حوالے سے ہنگامی حالات کے نفاذ کا اعلان کر دیا۔ چند روز قبل سب سے پہلے نیویارک نے اس وبا سے نمٹنے کیلئے ہنگامی حالات کا اعلان کیا تھا اور اب ایسا کرنے والی کیلیفورنیا امریکہ کی دوسری ریاست بن گئی ہے۔ بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز کے مطابق یکم اگست تک کیلیفورنیا میں منکی پاکس کے 827 انفیکشن درج کیے گئے، جو نیویارک میں 1,390 کیسز کے بعد امریکہ میں دوسری سب سے بڑی تعداد ہے۔ گورنر نے کہا کہ ایمرجنسی کے اعلان سے ملک کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست کو مزید ویکسین جمع کرنے ،بیماری اور علاج کے بارے میں مزید معلومات کی تشہیر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم مزید ویکسینز کو محفوظ بنانے، خطرہ کو کم کرنے کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور بدنامی کے خلاف لڑنے والی ایل جی بی ٹی کیو کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہونے کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر اپنا کام جاری رکھیں گے۔