منکی گیٹ تنازعہ میری کپتانی کا بدترین لمحہ :پونٹنگ

   

میلبورن۔19مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پوٹگ نے 2008 میں ہوئے منکی گیٹ اسکینڈل کو اپنی کپتانی کا بدترین لمحہ قرار دیا ہے۔ سال2008 میں ہندوستان کے آسٹریلیائی دورے کے دوران سڈنی میں ہوئے دوسرے ٹسٹ میچ میں ہندوستانی آف اسپنر ہربھجن سنگھ اور آسٹریلیا کے آل راونڈر اینڈریو سائمنڈز کے درمیان کہا سنی ہو گئی تھی اورکچھ نازیبا الفاظ کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔ اس معاملے کے سبب دونوں ٹیموں کے درمیان جھگڑا اتنا بڑھ گیا تھا کہ ہندوستانی ٹیم نے دورہ درمیان چھوڑنے کی بات کہی تھی لیکن بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مداخلت کے بعد معاملہ ٹھنڈا ہوا تھا۔ پونٹنگ نے کہا 2005 میں ایشز سیریز ہارنا بڑا دھکا تھا پر میں اس وقت قابو میں تھا۔ لیکن منکی گیٹ اسکینڈل کے بعد میں قابوکھو بیٹھا تھا اور یہ میری کپتانی کا بدترین لمحہ تھا۔ یہ تنازعہ کافی وقت تک چلا اور مجھے یاد ہے کہ ایڈیلیڈ ٹسٹ کے دوران میں نے کرکٹ آسٹریلیا کے حکام سے اس سلسلے میں بات کی کیونکہ اس میچ کے بعد معاملہ کی سماعت ہونی تھی۔انہوں نے کہاکہ منکی گیٹ اسکینڈل معاملے کے بعد ٹیم میں سبھی لوگ مایوس ہوگئے تھے جس کی وجہ سے اگلے مقابلے میں اس کا ٹیم کی کارکردگی پر اثر پڑا تھا۔ پرتھ ٹسٹ میں ہم جیت کی دہلیز پر تھے لیکن ہمیں اس میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے کچھ دنوں بعد حالات بگڑتے چلے گئے۔پونٹنگ کی کپتانی میں آسٹریلیا نے دو مرتبہ ورلڈکپ جیتے لیکن ان کی کپتانی میں 2005، 2009 اور 2010 میں ہوئی ایشز سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پونٹنگ نے کہا2005 میں سبھی کو محسوس ہو رہا تھا کہ ہم انگلینڈ کو ہرا دیں گے لیکن ایسا نہیں ہو پایا۔