منگلورو۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)کرناٹک کے ضلع منگلورو میں 19 ڈسمبر کو شہریت ترمیمی قانون کے خلاف منعقدہ احتجاج کے دوران پولیس فائرنگ کی تحقیقات کرنے والے اڈوپی کے ڈپٹی کمشنر جی جگدیشا 23 اپریل کو اپنی رپورٹ پیش کردیں گے۔ قبل ازیں مجسٹریٹ کے ذریعہ تحقیقاتی رپورٹ 23 مارچ کو پیش کرنے کی مہلت مقرر کی گئی تھی لیکن ایک درخواست پر حکومت نے ایک ماہ کی توسیع سے اتفاق کرلیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ نے جمعرات کو عوام اور پولیس سے ثبوت حاصل کرنے کے لیے ایک روزہ اجلاس کے اختتام کے بعد کہا کہ آئندہ ماہ یہ رپورٹ پیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ شہر منگلورو میں سی اے اے کے خلاف 29 ڈسمبر کو منظم کردہ احتجاج کے دوران اچانک تشدد پھوٹ پڑا تھا اور پولیس فائرنگ کے نتیجہ میں 49 سالہ نوشین اور 23 سالہ جلیل ہلاک ہوگئے تھے۔ تحقیقات کرنے والے مجسٹریٹ کے اجلاس پر جمعرات کو بشمول 29 ملازمین پولیس، 35 افراد پر جرح کی گئی۔ جگدیشا نے کہا کہ تاحال کی گئی تحقیقات کے دوران 350 سے زائد افراد پر جرح کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکشنا کناڈا کے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور میڈیکل آفیسر وین لاک ہاسپٹل کو نوٹس جاری کی گئی ہے۔