بنگلورو 24 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت کرناٹک نے منگلورو میں گذشتہ ہفتے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج میں ہوئے تشدد کی مجسٹریٹ سے تحقیقات کا حکم جاری کردیا ہے ۔ اس تشدد میں دو اموات ہوئی تھیں۔ کل جاری کردہ احکام میں ریاستی حکومت نے کہا کہ اس نے ڈپٹی کمشنر اوڈوپی ضلع جی جگدیش کو اس واقعہ کی تحقیقات کرنے اور تین مہینے میں رپورٹ پیش کرنے کیلئے ایگزیکیٹیو مجسٹریٹ مقرر کیا ہے ۔ حکومت نے اپنے حکمنامہ میں واضح کیا کہ منگلورو میں دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام نافذ رہنے کے باوجود احتجاجیوں نے پرتشدد موڑ اختیار کیا تھا ۔ حکومت نے کہا کہ احتجاجیوں کی تعداد 1500 کے آس پاس تھی اور وہ تشدد پر اتر آئے تھے ۔ پولیس پر سنگباری کی گئی ‘ ٹائیر جلائے گئے اور جلتے ہوئے ٹائر پولیس اسٹیشن میں پھینکنے کی کوشش بھی کی گئی ۔ حکومت کا دعوی ہے کہ پولیس نے پہلے احتجاجیوں کو لاوڈ اسپیکر پر انتباہ دیا ‘ پھر ہلکا لاٹھی چارچ کیا گیا اور جب یہ کارگر نہیں ہوا تو آنسو گیس کے شیلس برسائے اور ربر کی گولیوں سے ہوا میں فائرنگ بھی کی گئی تھی ۔ اس کے بعد دو راونڈ فائرنگ کی گئی جس کے نتیجہ میں عبدالجلیل اور نوشین کی موت واقع ہوئی ہے ۔