حیدرآباد: منگل ہاٹ پولیس نے قتل کیس میں ملوث دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر پولیس منگل ہاٹ رنویر ریڈی نے بتایا کہ 18 مارچ کی رات پیش آئی نریش عرف ٹائیگر نریش کے قتل میں ملوث دو افراد جے سمن 28 سال اور 32 سالہ بی مہیش کو گرفتار کرلیا گیا۔ سمن آصف نگر اور مہیش منگل ہاٹ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سال 2018ء میں قاتل سمن اور مقتول نریش نے جو آپس میں رشتہ دار ہیں، قاتل نمبر دو مہیش پر قاتلانہ حملہ کیا تھا۔ مہیش نے سمن کی رشتہ دار لڑکی سے چھیڑچھاڑ اور مبینہ دست درازی کی تھی۔ اس واقعہ کے بعد پولیس نے کارروائی انجام دی اور ضمانت پر رہائی اور اخراجات کا بندوبست سمن نے کیا تھا اور وہ اس رقم کیلئے نریش پر دباؤ ڈال رہا تھا۔ اس دوران نریش نے رقم دینے سے انکار کیا اور سمن کی رشتہ دار لڑکی کو کافی برا بھلا کہا اور سمن سے جھگڑا کرنے لگا۔ نریش کی اس حرکت سے سمن نے بدلہ لینے کا فیصلہ کرلیا اور دشمن مہیش سے ہاتھ ملایا۔ دونوں نے سازش تیار کی اور 18 مارچ کی رات منگل ہاٹ طلب کیا اور مئے نوشی کی دعوت دی۔ مئے نوشی میں مست نریش پر اپنی سازش کے تحت حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا۔ پولیس منگل ہاٹ نے انہیں گرفتار کرلیا۔