منگل ہاٹ میں قاتلانہ حملے میں مسلم نوجوان زخمی، دو گرفتار

   

اشرار پر اقدام قتل کا مقدمہ، پولیس چوکس، فرقہ وارانہ رنگ دینے کیخلاف انتباہ

حیدرآباد 24 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ منگل ہاٹ میں مسلم نوجوانوں پر قاتلانہ حملہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ راستہ سے گزرنے والے مسلم نوجوانوں کو جن میں ایک معذور بھی ہے، راستہ روک کر ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ اشرار کے اس حملہ میں زخمی نوجوانوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا جس میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ پولیس نے کہاکہ حملہ آوروں اور زخمیوں میں چند افراد جو ایک دوسرے کو جانتے ہیں اور مبینہ طور پر حالت نشہ میں تھے۔ پولیس نے واضح کیاکہ یہ فرقہ وارانہ نوعیت کا واقعہ نہیں اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ علاقہ میں پیش آئے اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس کی بھاری جمعیت کو طلب کرلیا گیا۔ پولیس نے فوری طور پر حملہ آوروں کی نشاندہی کرتے ہوئے انھیں گرفتار کرلیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق نشہ کی حالت میں دھت اشرار شیو لعل نگر میں بیٹھے تھے کہ اس جانب سے شبلی ہلز کے ساکنان 35 سالہ یونس، 24 سالہ شیخ عادل اور فیروز جارہے تھے کہ ان کا راستہ روکا گیا اور ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ لاٹھیوں اور شراب کی بوتل سے کئے گئے حملوں میں یونس شدید زخمی ہوگیا جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ جبکہ ایک اور اطلاع میں جس کی تصدیق نہیں کی گئی اور پولیس نے بھی اس کو بے بنیاد قرار دیا۔ ان مسلم نوجوانوں کو مذہبی نعرہ لگانے پر مجبور کیا گیا تاہم ان کے انکار پر انھیں جان لیوا حملہ کا نشانہ بنایا گیا۔ جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ معمولی بات پر جھگڑا ہوا اور زخمی نوجوان بھی نشہ کی حالت میں تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون اے آر سرینواس نے حالات کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ یہ واقعہ فرقہ وارانہ نوعیت کا نہیں ہے بلکہ آپسی جھگڑا ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ شدید زخمی یونس اور حملہ آور پشپا راج دونوں آپس میں جان پہچان والے ہیں اور ایک ہی بستی میں رہتے ہیں۔ ڈی سی پی نے کہاکہ مذہبی نعرے کا کوئی واقعہ نہیں ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کی نشاندہی کرتے ہوئے انھیں گرفتار کرلیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ 25 سالہ پشپا راج ساکن دلاور گنج منگل ہاٹ 19 سالہ اکیش سنگھ ساکن ٹپہ چبوترہ، 23 سالہ پردیپ بنے ساکن ٹپہ چبوترہ کمہار واڑی، 27 سالہ راجیش گوڑ ساکن موہنی ہوٹل کاروان اور 23 سالہ نیش سنگھ عرف چنا ساکن سبزی منڈی کو دفعہ 307 کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس ہر زاویہ سے معاملہ کی تحقیقات میں جٹی ہوئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ زخمیوں سے وہ بات کرچکے ہیں ایسا کوئی فرقہ وارانہ معاملہ نہیں ہے۔ یہ جھگڑا ایک بیلٹ شاپ کے قریب ہوا جہاں حملہ آور پہلے سے نشہ میں تھے اور زخمی نوجوان بھی نشہ کی حالت میں تھا۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ بیلٹ شاپ کے علاوہ بلیٹ شاپس کو شراب سربراہ کئے جانے والی دوکانات کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس جھگڑے کو فرقہ وارانہ نوعیت رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔