صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کا دورہ، پولیس و بلدیہ کے ذریعہ کارروائی کا فیصلہ
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر ، ( سیاست نیوز) منگل ہاٹ علاقہ میں گھوڑے کی قبر سے مشہور قبرستان پر غیر مجاز قبضوں کے نتیجہ میں قبور کی بے حرمتی ہورہی ہے۔ درگاہ حضرت اعتبار بخش ؒ اور متصل قبرستان کوثر بخش کی 5 ایکر 11 گنٹے اراضی ہے اور زیادہ تر حصہ قبرستان پر محیط ہے۔ قبور سے پُر اس قبرستان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ کوئی نگرانکار اور نہ کوئی انتظامی کمیٹی ہے جس کے نتیجہ میں غیر مجاز قابضین کو موقع ہاتھ آگیا اور قبروں کو مسمار کرتے ہوئے نہ صرف پکے مکانات تعمیر کرلئے گئے بلکہ چھوٹے کاروباری ڈبے لگادیئے گئے۔ مقامی افراد کی مسلسل نمائندگی کے بعد صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج قبرستان کا دورہ کیا اور ناجائز قبضوں پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پولیس اور بلدیہ کے تعاون سے قبضوں کی برخواستگی کا فیصلہ کیا اور کہا کہ وقف بورڈ بہر صورت قبرستان کا تحفظ کرے گا۔ مقامی افراد نے بتایا کہ کمیٹی کی عدم موجودگی کے نتیجہ میں قبور کو مسمار کردیا گیا ہے۔ پکے مکانات اور کاروباری ڈبوں کو دیکھنے سے صاف اندازہ ہورہا تھا کہ یہ قبرستان کی اراضی پر ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ قبرستان میں مکانات اور کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کو کارروائی کی ہدایت دی اور کہا کہ بہت جلد وقف بورڈ کی جانب سے قابضین کے خلاف باقاعدہ شکایت درج کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر انتظامی نگرانکار کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ مقامی افراد نے قبرستان کی بے حرمتی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ وقف بورڈ کی جانب سے مقامی پولیس اور کمشنر جی ایچ ایم سی کو مکتوب روانہ کیا جارہا ہے۔