منگھو بھائی چھگن بھائی پٹیل نے بطور گورنر حلف لیا

   

بھوپال : سینئر لیڈرمنگھو بھائی چھگن بھائی پٹیل نے آج یہاں راج بھون میں منعقدہ باوقار تقریب میں مدھیہ پردیش کے گورنر کی حیثیت سے حلف لیا۔ راج بھون کے سندی پانی آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک مختصر تقریب میں ریاستی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد رفیق نے پٹیل کو حلف دلایا۔76سالہ پٹیل ، جو اصل میں گجرات کے رہائشی ہیں ، کو منگل کے روز صدر نے مدھیہ پردیش کا گورنر مقرر کیا تھا اور وہ کل شام بھوپال پہنچے تھے ۔کورونا سے متعلقہ رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے منعقدہ تقریب حلف برداری میں سبکدوش گورنر آنندی بین پٹیل ، وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان ، ریاستی کابینہ کے ممبران ، سابق وزیر اعلی کمل ناتھ ، جج ، سیاست دان اور سینئر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ حلف برداری کی تقریب میں بہت ہی محدود تعداد میں لوگوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ گجرات کے کچھ معززین بھی راج بھون پہنچ گئے ہیں۔پٹیل سے پہلے ، اتر پردیش کی گورنر ، آنندی پٹیل مدھیہ پردیش کے گورنر کے عہدے کی ذمہ داری بھی سنبھال رہی تھیں۔