جکارتہ، یکم اکتوبر (یو این آئی) انڈونیشیا کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ مشرقی جاوا صوبے کے سیدوارزو ضلع میں 29 ستمبر کو ایک اسکول کی عمارت ڈہنے سے اس میں کم از کم 91 افراد پھنس گئے ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی (بی این بی پی ) کے ترجمان عبدالمہری نے کہا کہ کل شام تک اس حادثے میں تین افراد ہلاک اور 90 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 26 اسپتال میں داخل ہیں۔مختلف ایجنسیوں کے سینکڑوں امدادی کارکن جائے وقوعہ پر تعینات ہیں۔ بڑی مشینری کا استعمال کرتے ہوئے عمارت کے گرنے کے خطرے کے پیش نظر بچاؤ کارکنوں نے ہاتھ سے کھدائی پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ وہ ملبے تلے دبے افراد کو خوراک اور پانی پہنچا رہے ہیں۔جائے وقوعہ پر موجود بچاؤ کارکنوں کا کہنا ہے کہ منہدم عمارت کے کچھ حصوں میں زندگی کے آثار پائے گئے ہیں اور وہیں زیادہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔