نئی دہلی 11جولائی (یو این آئی) دہلی میٹرو نے جمعہ کی صبح صدر بازار کے مٹھائی پل علاقے میں سرنگ کے تعمیراتی پروجیکٹ کے قریب تین عمارتوں کے گرنے کے معاملے میں وضاحت کی ہے کہ ان عمارتوں کو 12 جون کو ہی غیر محفوظ قرار دیا گیا تھا اور انہیں خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے جمعہ کے روز پریس ریلیز جاری کرکے کہا کہ ان عمارتوں کے مالکان کو نوٹس بھیج کر واضح طور پر بتایا گیا ہے کہ یہ عمارتیں انتہائی خستہ حال ہیں اور احتیاط کے طور پر انہیں خالی کرنا ضروری ہے ۔واضح ر ہے کہ جمعہ کی صبح دہلی کے صدر بازار میں مٹھائی پل علاقے میں تین عمارتیں (دکانیں؍دفاتر) منہدم ہو گئیں۔ یہ دہلی میٹرو کے جنک پوری ویسٹ-آر کے آشرم مارگ راہداری تک کے لیے جاری سرنگ کی تعمیر کے کام کے علاقے میں آتا ہے ۔ اس کے علاوہ، ان عمارتوں کو سہارا دینے اور سرنگ کی تعمیر سے پیدا ہونے والے کسی بھی خطرے کو کم کرنے کے لیے سائٹ پر ضروری زیر زمین مٹی کی گراؤٹنگ اور بیرونی سہارا فراہم کیا گیا تھا۔نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور دہلی پولس کے ساتھ مل کر ملبہ ہٹانے کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے ۔