منہدم عاشور خانہ کیلئے متبادل اراضی دی جائے

   

کلکٹر نارائن پیٹ کو وزیر داخلہ محمود علی کی ہدایت
حیدرآباد/2 جون ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کلکٹر نارائن پیٹ کو ہدایت دی کہ سڑک کی توسیع کے سلسلہ میں منہدم عاشور خانہ کیلئے متبادل اراضی فراہم کریں۔ انہوں نے آر اینڈ بی اور بلدیہ کی جانب سے کسی نوٹس کے بغیر قدیم عاشور خانہ کے انہدام پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عاشور خانہ کے انہدام سے مقامی مسلمانوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ مقامی افراد نے وزیر داخلہ سے اس سلسلہ میں نمائندگی کی اور مداخلت کی اپیل کی ۔ وزیر داخلہ نے کلکٹر شریمتی ہری چندنا سے فون پر بات چیت کی اور تفصیلات حاصل کیں۔ کلکٹر نے عاشور خانہ کیلئے موزوں مقام پر اراضی فراہم کرنے سے اتفاق کیا اور کہا کہ اس بارے میں وقف بورڈ کو اطلاع دی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر تعمیر کے سلسلہ میں تعاون کیا جائیگا۔ کلکٹر نے وضاحت کی ہے کہ سڑک کی توسیع کیلئے عاشور خانہ کی منتقلی ضروری ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مذہبی مقامات کے سلسلہ میں حکام کو احتیاط سے کام لینا چاہیئے۔ انہوں نے وقف بورڈ اور مسلم نمائندوں سے مشاورت کے بعد اراضی الاٹ کرنے کی ہدایت دی۔