منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی کا بس اسٹیشنس کا معائنہ

   

زیادہ قیمت وصول کرنے والے اسٹال اونرس کو وی سی سجنار کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( ٹی ایس آر ٹی سی ) کے منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے تہوار کے سیزن کے پیش نظر آج شہر میں بس اسٹیشنس کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بسیس کے بس ڈرائیورس ، کنڈاکٹرس اور مسافرین سے بات چیت کی اور انہیں درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ انہوں نے مسافرین کو مشورہ دیا کہ اگر کوئی مسئلہ ہو تو وہ ڈپو منیجرس سے ربط کریں جو بس ڈپوز میں دستیاب رہتے ہیں ۔ وی سی سجنار نے اس موقع پر بس اسٹیشنس پر اسٹال اونرس سے بھی ملاقات کی کیوں کہ ان کی جانب سے کسٹمرس سے غذائی اشیاء کی ایم آر پی سے زیادہ قیمت حاصل کرنے کی شکایت ہے ۔ انہوں نے ایک عام آدمی کی طرح سفر کرتے ہوئے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن پہنچ کر عوام سے معلومات حاصل کیے اور اسٹالس پر بھی گئے اور اگر وہ قانون کی خلاف ورزی کریں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انہیں انتباہ دیا ۔ انہوں نے بسوں کی حالت اور اسٹیشنس پر صفائی کا بھی جائزہ لیا ۔۔