منیش سسودیا کی ضمانت کی عرضی پر سپریم کورٹ نے ای ڈی اور سی بی آئی کو نوٹس بھیجا

   

نئی دہلی:سپریم کورٹ نے جمعہ کو سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر، جو تقریباً چھ مہینوں سے شراب پالیسی میں بے ضابطگیوں کے الزام میں تہاڑ جیل میں عدالتی حراست میں ہیں، انہیں 28 جولائی یعنی اگلی سماعت کی تاریخ تک اپنا جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔جسٹس سنجیو کھنہ، جسٹس بیلا ایم ترویدی اور جسٹس اجل بھوئیاں نے متعلقہ فریقین کے دلائل سننے کے بعد دونوں مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا۔جسٹس کھنہ کی سربراہی والی بنچ ابتدائی طور پر اس معاملے کو 21 اگست کو مزید سماعت کے لیے ملتوی کرنا چاہتی تھی، لیکن سسودیا کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے عرضی گزار کی اہلیہ کی بیماری کا حوالہ دیتے ہوئے جلد سماعت کی استدعا کی۔ اس کے بعد بنچ نے اگلی سماعت کی تاریخ 28 جولائی مقرر کی۔