نئی دہلی:دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے اپنی اہلیہ کی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے عبوری ضمانت کے لیے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ اس معاملہ پر بدھ کو عدالت نے مرکزی تفتیشی ایجنسی (سی بی آئی) کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔خیال رہے کہ 25 اپریل کو اچانک طبیعت بگڑنے پر دہلی شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالہ کے سلسلہ میں تہاڑ جیل میں قید منیش سسودیا کی اہلیہ سیما سسودیا کو اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ تبھی سے ان کا علاج جاری ہے۔ ایک دن بعد یعنی 6 اپریل کو وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سیما سسودیا کی عیادت کے لیے اسپتال پہنچے تھے۔اپولو اسپتال میں سیما سسودیا کی عیادت کے بعد وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کیا تھا ’’میں ابھی سیما بھابھی یعنی منیش جی کی بیوی سے اسپتال میں ملاقات کر کے آ رہے ہیں۔ وہ 24 اپریل سے اسپتال میں داخل ہیں۔ انہیں ملٹیپل سکلیروسیس کی بیماری ہے۔ یہ بہت سنگین بیماری ہے۔ میں خدا سے ان کی صحت کے لیے دعا گو ہوں۔‘‘ خیال رہے کہ سی بی آئی نے منیش سسودیا کو 26 فروری 2023 کو دہلی ایکسائز پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔