بیرک نمبر ایک میں رکھنے پر عآپ کی تنقید‘ آج درخواست ضمانت پر سماعت
دہلی شراب پالیسی اسکام
نئی دہلی: دہلی شراب پالیسی کے مبینہ اسکام معاملے میں تہاڑ جیل میں قید دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسو ڈیا پر ای ڈی لگاتار شکنجہ کس رہی ہے۔ ای ڈی کی ٹیم نے آج منیش سیسوڈیا سے تہاڑ جیل میں دوسرے مرحلہ کی با ت چیت کی پہلے مرحلہ میں 7مارچ کو 5گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔ عدالت نے ای ڈی کو سیسو ڈیا سے تین دن جیل میں پوچھ گچھ کرنے کی اجازت دی تھی۔سیسو ڈیا سے جیل میں پوچھ گچھ سے پہلے ای ڈی نے جیل انتظامیہ سے رابطہ کیا تھا۔ منیش سیسو ڈیا کی ضمانت پر 10 مارچ کو عدالت میں سماعت ہوگی۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال اور عام آدمی پارٹی سیسو ڈیا کی گرفتاری کے حوالہ سے بی جے پی اور مرکز کی مودی حکومت پر لگاتار تنقید کر رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے سوربھ بھاردواج نے کل کہا کہ منیش سیسو ڈیا مرکزی حکومت کی سازش کی وجہ سے جیل کے اندر ہیں۔ انہیں سازش کے تحت تہاڑ جیل کی بیرک نمبر ایک میں رکھا گیا ہے، جہاں خطرناک مجرموں کو رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ بیرک نمبر ایک میں کسی بھی ایسے ملزم کو نہیں رکھا جاتا جس پر مقدمہ زیر سماعت ہوتا ہے بلکہ یہاں سزا یافتہ مجرموں کو رکھا جاتا ہے۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بیرک نمبر ایک میں ملک کے سب سے خطرناک اور پرتشدد قیدی موجود ہیں۔ یہاں تشدد کی خبریں ٹی وی اور اخبارات میں کئی بار آتی رہی ہیں۔ یہ مجرم دماغی طور پر بیمار ہیں اور معمولی سے اشارے پر کسی کو بھی قتل کر سکتے ہیں۔ منیش سیسو ڈیا کو تحقیقات میں مبینہ عدم تعاون پر سی بی آئی کی طرف سے طویل پوچھ گچھ کے بعد 26 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔آبکاری پالیسی گھوٹالہ معاملے میں گرفتاری کے بعد منیش سسودیا نے نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ ساتھ دیگر وزارتی عہدہ سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا، ان کے ساتھ ہی ستیندر جین بھی وزیر صحت عہدہ سے مستعفی ہو گئے تھے۔منیش سیسوڈیا کی گرفتاری کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی اور تحقیقاتی ایجنسیوں کے اپوزیشن قائدین کے خلاف غلط استعمال کا الزام لگایا۔