نئی دہلی :دہلی شراب اسکام کے ملزم دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسوڈیا کی ضمانت عرضی پر جمعرات کے روز دہلی ہائی کورٹ نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے۔ حالانکہ انھیں اپنی بیمار بیوی سے بات کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ ہائی کورٹ نے سسودیا کو راحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ویڈیو کال پر اپنی بیوی سے بات کر سکتے ہیں۔ عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو حکم دیا ہے کہ جیل مینوئل کے مطابق سسودیا کو اختیاری دنوں میں تین سے چار بجے کے درمیان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات کرائی جائے۔ سیسوڈیا فی الحال سی بی آئی اور ای ڈی کے ذریعہ درج معاملوں میں عدالتی حراست میں ہیں۔ سی بی آئی کے ذریعہ درج معاملے میں اسپیشل جج نے 31 مارچ کو انھیں ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔ حال ہی میں ای ڈی معاملے میں بھی انھیں ضمانت نہیں مل سکی تھی۔ شراب پالیسی گھوٹالہ کے الزام میں سسودیا کو 26 فروری کو 8 گھنٹے کی طویل پوچھ تاچھ کے بعد سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا، تب سے وہ باہر نہیں آئے ہیں۔
