منیٰ میں تلنگانہ حجاج کرام کے قیام کا انتظام، قونصل جنرل سے محمد سلیم کا ربط

   

تلنگانہ کے حجاج کرام خیریت سے، مزدلفہ میں قیام کے بعد آج منیٰ واپسی
حیدرآباد۔/27 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے عازمین حج کیلئے منیٰ میں قیام کی سہولتوں سے متعلق مسائل کی یکسوئی کرلی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی کے صدرنشین محمد سلیم نے قونصل جنرل جدہ محمد شاہد عالم سے ربط قائم کرتے ہوئے منیٰ کے خیموں میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بعض عازمین کو جگہ کی فراہمی میں دشواریوں سے واقف کرایا۔ عازمین حج نے کل خیموں کے باہر قیام سے متعلق ویڈیو وائرل کیا تھا جس میں بتایا گیا کہ خیموں میں جگہ کی کمی ہے۔ عازمین کے رشتہ دار آج تلنگانہ حج کمیٹی کے آفس پہنچے اور صدرنشین محمد سلیم سے ملاقات کی۔ انہوں نے حج کمیٹی آف انڈیا اور انڈین حج مشن کو توجہ دلانے کی خواہش کی۔ محمد سلیم نے قونصل جنرل محمد شاہد عالم سے ربط قائم کیا اور منیٰ کے خیموں میں قیام کی سہولت فراہم کرنے کی خواہش کی۔ قونصل جنرل نے بتایا کہ سوشیل میڈیا میں جو ویڈیو وائرل ہوا ہے وہ کل کا ہے۔ ہندوستانی حج مشن کی ٹیموں نے منیٰ کے کیمپس پہنچ کر اس مسئلہ کی یکسوئی کردی ہے۔ سعودی حکام کے تعاون سے عازمین حج کو خیموں میں جگہ فراہم کی گئی۔ شاہد عالم نے بتایا کہ عازمین حج آج وقوف عرفات کے تحت میدان عرفات میں ہیں اور وہ رات میں مزدلفہ میں قیام کریں گے۔ ہندوستانی قونصلیٹ اور حج مشن کی جانب سے سہولتوں پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور سمرتی ایرانی نے بھی وائرل ویڈیو پر قونصل جنرل جدہ کی توجہ مبذول کرائی۔ اسی دوران محمد سلیم نے بتایا کہ ویٹنگ لسٹ کے عازمین حج کیلئے منیٰ کے خیموں میں رہائش کی فراہمی میں کسی قدر تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایام حج کے دوران خادم الحجاج بھی صورتحال سے حج کمیٹی کو آگاہ کررہے ہیں۔ محمد سلیم کے مطابق عرفات اور مزدلفہ میں قیام کے بعد حجاج کرام چہارشنبہ کی صبح رمی جمار کے بعد منیٰ میں اپنے خیموں میں واپس ہوں گے جہاں قربانی کے بعد حلق کیا جائے گا۔ حجاج کرام احرام کی حالت سے باہر آئیں گے اور نیا لباس زیب تن کرتے ہوئے طواف زیارت کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ منیٰ میں تین روزہ قیام کے دوران عازمین حج کو بہتر سہولتوںکی فراہمی کے سلسلہ میں انڈین حج مشن اور انڈین قونصلیٹ کے حکام متحرک ہیں۔ر

محمد سلیم نے بتایا کہ ایام حج کے دوران عازمین حج کیلئے ٹرین اور بسوں کا نظم کیا گیا۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے ایام حج کے دوران خصوصی کنٹرول روم قائم کیا ہے جو 12 ذی الحجہ تک 24 گھنٹے کام کرے گا۔ر