منی رتنم کی فلم کیلئے تیار کردہ 450 جویلری آئٹمس فروخت کیلئے تیار

   


نظام دور کے جویلرس کا اقدام، ایشوریہ رائے اور دیگر اداکاروں نے استعمال کیا

حیدرآباد۔/2اکٹوبر، ( سیاست نیوز) منی رتنم کی فلم ’’ پونین سلوان‘‘ میں ایشوریہ رائے اور دیگراداکاروں کی جانب سے پہنی گئی جویلری کو فروخت کیلئے رکھا جارہا ہے۔ 150 سال سے جواہرات کی تجارت میں مصروف مشہور حیدرآبادی کشن داس جویلرس نے منی رتنم کی فلم میں استعمال کی گئی گولڈ جویلری کے 450 آئٹمس کو فروخت کیلئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فروخت فلم کی ریلیز کے بعد شروع کی جائے گی۔ توقع ہے کہ منی رتنم کی فلم باکس آفس پر ہنگامہ خیز ثابت ہوگی۔ اس فلم میں حقیقی گولڈ جویلری کا استعمال کیا گیا ہے جسے حیدرآباد کی کشن داس اینڈ کمپنی جویلرس نے ڈیزائن کیا۔ یہ خاندان نظام حیدرآباد کی جویلری کی طرز پر جویلری تیار کرنے کا دعویٰ کرتا ہے۔ کشن داس اینڈ کمپنی کے کریٹیو ڈائرکٹر پرتیکشا پرشانت نے بتایا کہ ہمارا خاندان گزشتہ 150 برسوں سے جویلری کا حامل ہے اور ہمارے آباء و اجداد نظام حیدرآباد کے شخصی جویلرس تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی ہمارے نظام خاندان سے روابط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی نوعیت کے حامل 450 جویلری آئٹمس کو تیار کیا گیا ہے اور اس کی تیاری کیلئے 6 ماہ صرف ہوئے۔ فلم کی ریلیز کے بعد یہ جویلری فروخت کیلئے رکھی جائے گی تاہم انہوں نے جویلری کی تیاری میں استعمال کیا گیا سونا اور اس کی مالیت کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائیں۔ جویلری کی تیاری کیلئے 50 سے زائد کاریگروں کی خدمات حاصل کی گئیں اور ہر جویلری کسی نہ کسی تاریخی نوعیت کی حامل ہے۔ 1955 میں کالکی کرشنا مورتی کے ناول ’ پونین سلوین ‘ کی کہانی پر مبنی فلم میں ایشوریہ رائے بچن کے علاوہ وکرم، جیم روی، کارتی، تریشا، ایشوریہ لکشمی، سوبھیتا دھولیپالا، پربھو، آر شرد کمار، وکرم پربھو، جئے رام، پرکاش راج، رحمن اور آر پرتیبھن نے کام کیا ہے۔ ہندوستان میں یہ مہنگی فلموں میں شمار کی جاتی ہے جس میں ایشوریہ رائے نے کوئین نندنی اور منداکنی دیوی کا ڈبل رول ادا کیا ہے۔ پرشانت نے کہا کہ منی رتنم کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کافی بہتر رہا اور ہر جویلری کو انتہائی احتیاط کے ساتھ تیار کیا گیا۔ اس تاریخی نوعیت کی جویلری کی خریدی کے سلسلہ میں عوام میں غیر معمولی دلچسپی دیکھی جارہی ہے۔ر