17 سال پرانے کیس میں گھر پر چھاپہ مارنے کے بعد 3 مارچ تک ای ڈی تحویل
ممبئی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے چہارشنبہ کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر اور مہاراشٹرا کے کابینی وزیر نواب ملک کو منی لانڈرنگ کے ایک معاملے میں گھنٹوں پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کیا ہے ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ای ڈی افسران نے آج صبح ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اورچند دستاویزات کا معائنہ کرنے کے بعد انھیں افسران کی ایک ٹیم اپنے ہمراہ ای ڈی دفتر لے گئی جہاں ان سے تقریبا 7 گھنٹوں تک پوچھ گچھ کا عمل جاری رہا۔ اس کے بعد ای ڈی نے انھیں گرفتار کئے جانے کی اطلاع دی۔ گرفتاری کے بعد نواب ملک کو سرکاری جے جے ہاسپٹل لے جایا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ ہوا اس کے بعد دوبارہ انھیں ای ڈی آفس لایا گیا۔ بعد میں سیشن کورٹ میں پیشی کے بعد نواب ملک کو 3 مارچ تک ای ڈی کی تحویل میں دیا گیا۔ واضح رہیکہ نواب ملک نے سوپر اسٹار شاہ رخ خان کے فرزند آرین خان کی منشیات کے معاملہ میں گرفتاری کے بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ممبئی کے سابق سربراہ سمیر وانکھیڈے کے خلاف کئی سنسنی خیز انکشافات کئے تھے اور ای ڈی سمیت مرکزی تحقیقاتی اداروں پر بی جے پی کے اشاروں پر کام کرنے کے الزامات عائد کئے تھے ۔ ذرائع کے مطابق کئی سال قبل مفرور مافیا ڈان داؤد ابراہیم کاسکر کے چند قریبی ساتھیوں نے کرلا کی ایک جائیداد گوالا کمپاؤنڈ کو 17 سال قبل نواب ملک کی کمپنی کو فروخت کیا تھا۔ اس سودے کے درمیان مبینہ طور پر کالے دھن کے استعمال کے تعلق سے ای ڈی نے منی لانڈرنگ کا ایک کیس درج کیاہے۔ گزشتہ دنوں اس تعلق سے ای ڈی نے داؤد گروہ سے تعلق رکھنے والوں کے دس سے زائد ٹھکانوں پر چھاپہ بھی مارا تھا۔ این سی پی لیڈر و سابق ریاستی وزیرداخلہ انیل دیشمکھ کی گرفتاری کے بعد نواب ملک این سی بی کے دوسرے لیڈر ہے جنھیں ای ڈی نے آج گرفتار کیا۔ملک کی گرفتاری کے بعد این سی پی کے صدر شرد پوار، ریاستی صدر اور وزیر جینت پاٹل، ایم پی سپریا سولے ، ترجمان ودیا چوان، ایم ایل اے روہت پوار، شیو سینا کے ایم پی سنجے راوت اور دیگر نے اس ای ڈی کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور تحقیقاتی مشینری پر صرف چنندہ افرد کونشانہ بنا نے کا الزام عائد کیا ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت تحقیقاتی اداروں کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کررہی ہے۔
