نظام آباد۔ 18 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر نظام آباد ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے ہدایت دی کہ قلعہ رگھوناتھ تالاب کے دامن میں قائم منی ٹینک بنڈ کو اس انداز میں ترقی دی جائے کہ یہ سیاحوں کے لیے خصوصی کشش کا مرکز بن سکے۔ کلکٹر نے منی ٹینک بنڈ کے علاوہ نیالکل روڈ، آر ٹی سی ڈپو-2، پدمانگر اور گوتم نگر کے مختلف علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے مجوزہ ترقیاتی کاموں کے لیے مناسب امکانات کا جائزہ لیا اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ منی ٹینک بنڈ پر خوشگوار ماحول، باغیچہ اور بچوں کے کھیل کے لیے سہولتیں موجود ہیں، لہٰذا ان مقامات کو مزید پرکشش بنایا جائے۔ بیکار پڑے باکس کرکٹ گراؤنڈ کو خانگی اداروں کے حوالے نیلامی کے ذریعہ دیا جائے اور رگھوناتھ تلاب میں بوٹنگ کی سہولت متعارف کرانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔ کلکٹر نے یہ بھی کہا کہ منی ٹینک بنڈ پر قائم شاپنگ کامپلیکس کی دکانوں سے کرایہ وصولی کو یقینی بنایا جائے اور جو تاجر کرایہ ادا نہیں کر رہے ان کے معاہدے منسوخ کر کے نئی الاٹمنٹ کی جائے تاکہ کارپوریشن کو آمدنی حاصل ہو۔ انہوں نے پدمانگر، نیالکل روڈ اور گوتم نگر میں سڑکوں اور انجینئرنگ کاموں کا بھی معائنہ کیا اور گوتم نگر کے پانی کی ٹنکی کی فوری مرمت اور اطراف میں پانی کے ٹھہرجانے کو ختم کرنے کے اقدامات کی ہدایت دی۔بعد ازاں شام کو کلکٹر نے کارپوریشن دفتر میں ریونیو اور ٹاؤن پلاننگ محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ قبل دی گئی ہدایات پر ٹاؤن پلاننگ شعبہ کی جانب سے اطمینان بخش پیشرفت ہوئی ہے ۔ہر درخواست آن لائن درج کی جائے اور عوام میں وسیع پیمانے پر شعور بیدار کیا جائے تاکہ وہ براہِ راست پورٹل کے ذریعہ درخواست دیں۔ اس جائزہ اجلاس میں کمشنر دلیپ کمار، ایڈیشنل کمشنر روی بابو اور ریونیو و ٹاؤن پلاننگ محکموں کے عہدیدار شریک تھے۔