منی پور، ناگالینڈ اور اروناچل کے کئی علاقوں میں ’افسپا‘ میں 6 مہینے کی پھر توسیع

   

نئی دہلی ۔27؍ستمبر ( ایجنسیز )مرکزی وزارت داخلہ نے منی پور، اروناچل پردیش اور ناگالینڈ کے کئی حصوں کو ’غیر امن علاقہ‘ کے تحت مسلح افواج (خصوصی اختیارات) ضابطہ (AFSPA) کو 6 مہینے کیلئے پھر بڑھا دیا ہے۔ وہیں گزشتہ 2 سال سے بھی زیادہ وقت سے بدامنی کے شکار منی پور میں موجودہ قانونی نظام کو دیکھتے ہوئے ’افسپا‘ کو 13 پولیس تھانوں کے حلقۂ اختیار کو چھوڑ کر پوری ریاست میں 6 مہینے کے لیے بڑھا دیا گیا۔وزارت داخلہ کی طرف سے جمعہ کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ’افسپا‘ جس کے تحت کسی خصوصی ریاست یا کچھ علاقوں کو ’غیر امن علاقہ‘ اعلان کیا جاتا ہے، کو ناگالینڈ کے 9 ضلعوں اور ریاست کے 5 دیگر ضلعوں کے 21 تھانہ حلقوں میں بھی 6 مہینے کیلئے بڑھا دیا گیا ہے۔ اس قانون کی توسیع اروناچل پردیش کے 3 ضلعوں ترپ، چانگلانگ اور لونگڈنگ ضلعوں کے علاوہ آسام کی سرحد سے قریب ریاست کے نامسائی ضلع کے 3 تھانہ حلقوں تک بھی کی گئی ہے۔شمال مشرق کی تین ریاستوں کے ان خصوصی علاقوں میں ’غیر امن علاقہ‘ کی توسیع اگلے مہینے یکم اکتوبر سے ہوگی اور یہ 6 مہینے کے لیے موثر رہے گا۔